Skip Navigation LinksHome : CII's Meetings

CII's Meetings


  Meeting(182)


Skip Navigation Links. پریس ریلیز اسلامی نظریاتی کونسل، اسلام آباد کا ۱۸۲ واں اجلاس مؤرخہ ۱۰!اگست ۲۰۱۱ء کو جناب مولانا محمد خان شیرانی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی زیرِ صدارت کونسل کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور جناب سیّد مخدوم خورشید شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ اس افتتاحی اجلاس میں کونسل کے نئے تقرر یافتہ معزز اراکین، جن کے اسمائے گرامی حسب ذیل ہیں، نے پہلی بار شرکت فرمائی:- جناب حافظ زبیر احمد سعید، جناب صاحبزادہ خالد سلطان القادری، جناب مولانا محمد حنیف جالندھری، جناب بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل، جناب جسٹس میاں نذیر اختر، جناب جسٹس مشتاق احمد میمن، جناب علامہ زبیر ظہیر، جناب مفتی محمد اقبال شاہ فیضی اور جناب سید افتخار حسین نقوی۔ ان نئے معزز اراکین کے علاوہ کونسل کے حسب ذیل معزز اراکین نے بھی اس اجلاس میں شرکت فرمائی:- جناب مفتی محمد ابراہیم قادری، جناب ڈاکٹر محمد ادریس سومرو، جناب ڈاکٹر انوار حسین صدیقی، محترمہ شاہدہ اختر علی، محترمہ پروفیسر ڈاکٹر صبیحہ قادری، جناب مولانا محمد صدیق ہزاروی اور جناب مولانا غلام مصطفی رضوی۔ جناب مولانا محمد خان شیرانی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے شرکائے محفل کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس تعارفی اجلاس کا افتتاح کیا اور نئے معزز اراکینِ کونسل کو ان کے تقرر پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے آئین کے مطابق کونسل کے فرائضِ منصبی اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں کونسل کو ایک باوقار، فعال، متحرک اور مؤثر ادارہ بنانے کا عزم کیا گیا۔ کونسل کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ذیلی کمیٹیوں کی تشکیلِ نو پر غور کیا گیا اور کونسل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور، جناب سیّد مخدوم خورشید شاہ نے کونسل کے چیئرمین و اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک اہم آئینی ادارہ ہے جس کا تعلق پارلیمنٹ سے ہے اور حکومت کونسل کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے اور کونسل کے مسائل کے حل کے ضمن میں وزارتِ مذہبی امور ہر قسم کی ممکنہ معاونت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کونسل سے درخواست کی کہ چونکہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے لہٰذا کونسل مختلف سیمیناروں اور کانفرنسوں کے ذریعے اسلام اور پاکستان کا صحیح تأثر بین الاقوامی سطح پر واضح کرے۔ انہوں نے کونسل کی سفارشات پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کرنے کا بھی عزم کیا۔ شناختی کارڈ میں مجہول النسب بچوں کے لیے سرپرست کے کالم کے اضافے اور اس ضمن میں کونسل کی سفارش اور سپریم کورٹ کے ملاحظات پر غور کرتے ہوئے کونسل نے اپنی سابقہ سفارش کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ لفظ ’سرپرست‘ کے ساتھ ’خصوصی‘ کے سابقے کا اضافہ کیا جائے تاکہ قانونی معانی و مفاہیم کے حامل سرپرست کے بجائے ’نگران‘ کے مفہوم کو اجاگر کیا جا سکے۔ کونسل نے یہ رائے دی کہ نادرا ایکٹ میں ترمیم کر کے شناختی کارڈ میں ایسے بچوں کے لیے والد کے خانے کے ساتھ ’’خصوصی سرپرست‘‘ کے خانہ کا اضافہ کیا جائے۔ (محمد الیاس خان) ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ)


 Copyright © 2011 Council of Islamic Ideology - All rights Reserved