Skip Navigation LinksHome : CII's Meetings

CII's Meetings


  Meeting(178)


Skip Navigation Links. اسلامی نظریاتی کونسل کا ۱۷۸واں اجلاس (۴۔۵ جون ۲۰۱۰) چیئرمین کونسل جناب ڈاکٹر محمد خالد مسعود کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کونسل جناب ڈاکٹر انوار حسین صدیقی، جناب ڈاکٹر محسن مظفر نقوی، جناب ڈاکٹر محمد ادریس سومرو، مولانا محمد خان شیرانی، جناب جسٹس رشید احمد جالندھری، جناب مولانا ابوالفتح محمد یوسف، جناب مفتی غلام مصطفی رضوی، محترمہ پروفیسر ڈاکٹر صبیحہ قادری، مفتی محمد ابراہیم قادری اور ڈاکٹر فیض بلقیس نے شرکت کی۔ کونسل کے اراکین نے اسلامی بینکنگ سے متعلق اہم سفارشات پیش کی ہیں۔ ۱۔ اسلامی بینک کا طریقہ کار صاف، شفاف اور آسان ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں صارفین اور بینک کے درمیان کاروباری تعلق روایتی بینکوں سے مختلف ہونا چاہئے۔ ۲۔ بینکوں میں سرمائے کاری کے طریقوں کی بنیاد سودکی بجائے تجارت اور مشارکت کے اصولوں پر رکھی جائے۔ ۳۔ سب سے پہلے ریاستی اداروں کو خود اپنے اندر سے سود کا خاتمہ کرنا چاہئے۔ ۴۔ تجارتی بینکوں کے پاس قرضوں کی معافی کا کوئی اختیار نہیں ہونا چاہئے۔ ۵۔ اسلامی بینکوں کو پابند بنایا جائے کہ وہ یہ بات سرمایہ گزاروں کو بتائیں کہ ان کا سرمایہ کہاں اور کس مد میں استعمال ہوا اور اس میں کتنا نفع یا نقصان ہوا اور کیا یہ نفع اور نقصان صحیح طرح سرمایہ کاری کرنے والوں کے درمیان تقسیم ہوا ہے۔ ۶۔ اسلامی بینکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کلائنٹ سے دستخط لیتے وقت جس معاہدے پر دستخط لے رہے ہوں اس کی پوری تفصیلات اس کے سامنے رکھیں۔ ۷۔ اسلامی بینکوں کے عملے اور عمومی ماحول کو اسلامی روایات کے مطابق اور روایتی بینکوں سے مختلف ہونا چاہئے۔ ۸۔ اسلامی بینکوں میں ابھی تک مرابحہ پر ہی زور دیا جا رہا ہے اور مضاربہ و مشارکت کو رواج نہیں دیا جا رہا۔ ان بینکوں کو چاہئے کہ فوری طورپر اصل اسلامی معاہدوں کے عملی اطلاق کی طرف قدم بڑھائیں۔ ۹۔ اسلامی بینکنگ کے شرعیہ بورڈز میں تمام فقہوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ ۱۰۔ اسلامی بینکنگ کے شرعیہ ایڈوائزرز کے لئے شریعت سے واقفیت کے ساتھ ساتھ بینکنگ اور معاشیات میں مہارت کو بھی لازم قرار دیا جائے۔ ۱۱۔ اسلامی بینکوں کے آڈٹ کے لئے ایک خودمختار ادارہ ہونا چاہئے۔ ۱۲۔ اسلامی بینکوں کو چاہئے کہ اپنے اشتہارات میں صرف اپنی ترویج کریں۔ ۱۳۔ اسلامی بینکوں کی طرف سے کھاتہ داروں کو نفع میں برابر کا شریک کیا جائے۔ ۱۴۔ اسلامی بینک چھوٹے تاجروں کو غیر سودی اور آسان شرائط پر مائیکرو فنانس کے طورپر چھوٹے قرضے دینے کے لئے عملی اقدام کریں۔ اجلاس کے آخر میں کونسل کی سہ سالہ مدت کے اختتام کے موقع پر معزز اراکین نے جناب چیئرمین ڈاکٹر محمد خالد مسعود کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا اور ممبران کے درمیان تحمل و بردباری کے ساتھ مسائل کو مل کر حل کرنے کی روایت کو خراج تحسین پیش کیا۔ (محمد احمد چوہدری) سیکرٹری


 Copyright © 2011 Council of Islamic Ideology - All rights Reserved